بٹگرام : صوبائی حکومت کی ہدایات اور قومی صحت پالیسی کے تحت کمشنر آفس بٹگرام ریڈینس میٹنگ اور بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاو کی ویکسین لگا کر مہم کا آغاز کر دیا گیا۔
میٹنگ میں محکمہ صحت کے افسران نے بریفنگ میں بتایا کہ خسرہ اور روبیلا بچوں میں پھیلنے والی خطرناک وائرل بیماریاں ہیں، جن کی بروقت ویکسینیشن نہ صرف بچوں کو بیماری سے محفوظ رکھتی ہے بلکہ اجتماعی مدافعت (Herd Immunity) کو بھی مضبوط کرتی ہے۔ اسی لیے یہ مہم قومی سطح پر خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے والدین، اساتذہ، علماء، میڈیا اور سماجی کارکنان سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کا ساتھ دیتے ہوئے تمام بچوں کی بروقت ویکسینیشن یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیدائش سے 5 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے اور خسرہ و روبیلا کی ویکسین دونوں بنیادی قومی ذمہ داریاں ہیں اور معاشرے کا ہر فرد اس عمل میں بھرپور تعاون کرے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ فیلڈ ٹیموں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے، روزانہ کی پیش رفت رپورٹ مرتب کی جائے اور کسی بھی خلا یا کمی کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ مہم مؤثر اور کامیاب رہے۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، اے ڈی سی ریلیف، اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام اور محکمہ صحت کے نمائندگان نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی سی بٹگرام نے کہا کہ بچوں کی صحت اور تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور خسرہ و روبیلا کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں نہایت ضروری ہیں۔
مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیمیں شہری اور دور دراز علاقوں میں جاکر 6 ماہ سے 5 سال تک کے تمام بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی مفت ویکسین فراہم کریں گی۔ ویکسینیشن کے لیے سکولوں، مراکز صحت، آؤٹ ریچ پوائنٹس، اور کمیونٹی مقامات پر خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ کوئی بچہ ٹیکے سے محروم نہ رہے۔
یہ مہم 17 نومبر سے 29 نومبر 2025 تک جاری رہے گی، جس کا مقصد بٹگرام کے ہر بچے تک خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین پہنچا کر علاقے کو ان بیماریوں سے محفوظ بنانا ہے۔