انتخابی مہم کو مؤثر، منظم اور بھرپور انداز میں چلانے پر تمام پارٹی کارکنان و عہدیدران کو زبردست خراج تحسین

34

ایبٹ آباد : ہزارہ قومی محاذ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل عابد خان جدون نے حلقہ این اے 18 ہری پور میں پارٹی کے نامزد امیدوار رستم خان تنولی کی انتخابی مہم کو مؤثر، منظم اور بھرپور انداز میں چلانے پر تمام پارٹی کارکنان و عہدیدران کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے خصوصاً ہزارہ رائیٹس موومنٹ کے بانی نصیر خان جدون، تحریکِ انقلاب کے رفقاء اور چیئرمین مصدق شاہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت نے ہزارہ کے عوام کے حقِ شناخت اور حقِ نمائندگی کی جدوجہد کو نئی توانائی دی ہے۔

میڈیا کو جاری اپنے بیان میں عابد خان جدون کا کہنا تھا کہ
“الیکشن NA-18 میں رستم خان تنولی کی انتخابی مہم نے ہزارے وال قوم کی اصل ترجمانی کی ہے۔ عوام نے جو جوش و جذبہ دکھایا، وہ ہمارے حقوق کے تحفظ اور صوبہ ہزارہ کے قیام کی جدوجہد کو مزید تقویت دیتا ہے۔”

انہوں نے تمام ووٹرز اور سپورٹرز کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکلات کے باوجود ہزارہ قومی محاذ پاکستان کی آواز پر لبیک کہا اور پارٹی کے مؤقف کا بھرپور ساتھ دیا۔

عابد خان جدون نے ملکی میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے متوسط طبقے اور ہزارے وال قوم کی آواز کو نہ صرف قومی سطح تک پہنچایا بلکہ عالمی سطح پر بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس انتخابی مہم کی سب سے بڑی کامیابی صوبہ ہزارہ کی قرارداد کو دو تہائی اکثریت سے خیبر پختونخوا اسمبلی سے منظور کرانے کی یقین دہانی ہے، جس پراسپیکر بابر سلیم سواتی کے کردار کو ہزارہ قومی محاذ بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں