ایبٹ آباد: ہزارہ موٹروے کی مرمت میں تیزی، کمشنر ہزارہکی فوری اقدامات کی ہدایت۔
کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں ہزارہ موٹروے پر سڑک کے بیٹھنے اور اس کے نتیجے میں ڈھلوان پیدا ہونے سے پیدا ہونے والے خطرات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
کمشنر نے این ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ عوامی تحفظ کے پیشِ نظر ان مسائل کا فوری اور مؤثر حل یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں کمشنر نے این ایچ اے کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سڑک کی مرمت کے لیے کنسولیڈیشن گراؤٹنگ کی جائے، سڑک کی سطح کو مناسب طور پر کمپیکٹ کیا جائے اور ڈیپ ڈرینز نصب کی جائیں تاکہ گاڑیوں میں جھٹکے کم ہوں اور پائپنگ کے اثرات مکمل طور پر ختم کیے جا سکیں۔
کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ تمام شناخت شدہ مسائل کی سخت نگرانی کی جائے اور مستقبل میں دوبارہ ایسے مسائل پیدا نہ ہونے پائیں۔ باقی تمام مرمتی کام مقررہ معیار اور وقت کے مطابق مکمل کیے جائیں، اور کوالٹی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ناقابل قبول ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی سِیٹلمینٹ کے باعث پیدا ہونے والے جمپ اور دیگر ممکنہ خطرات کو فوری طور پر درست کیا جائے، جبکہ عارضی بحالی کے ساتھ ساتھ مستقل حل کی تیاری بھی جاری رکھی جائے۔
این ایچ اے حکام نے کمشنر کو یقین دہانی کرائی کہ تمام مرمتی کام 30 دسمبر 2025 تک مکمل کر لیے جائیں گے۔کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔