ایبٹ آباد: کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن اجلاس، ڈویژن کے میگا پراجیکٹس کا تفصیلی جائزہ
کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ہزارہ ڈویژن میں جاری مختلف میگا پراجیکٹس کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں DMO ای اینڈ ایم ای نے جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور ترقیاتی کاموں کی رفتار، درپیش چیلنجز اور معیار سے متعلق نکات پیش کیے۔
کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں کہ کسی بھی پراجیکٹ میں تعمیراتی معیار پر سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ایکزیکیوٹنگ ایجنسیز اپنے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر، مقررہ معیار کے مطابق مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مطالبات اور ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے میگا پراجیکٹس کو فوری طور پر تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ DMO کی جانب سے نشاندہی کی گئی تمام خامیوں، کمیوں اور تکنیکی کوتاہیوں کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ منصوبے موثر انداز میں مکمل ہوسکیں۔
کمشنر ہزارہ نے تمام متعلقہ محکموں کو تاکید کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی شفاف مانیٹرنگ، بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے کام کی رفتار اور معیار پر مسلسل نظر رکھی جائے۔