بٹگرام: صوبائی حکومت کی گڈ گورننس پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام شیردل خان نے تحصیلدار بٹگرام سعید احمد اور اسسٹنٹ ٹریفک انچارج جمیل احمد کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے ایک مؤثر کارروائی عمل میں لائی۔
کارروائی کے دوران گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں نصب غیر قانونی فلش لائٹس، کالے شیشے اور غیر قانونی اسکرین گارڈز موقع پر ہی اتار دیے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کے رجٹریشن پیپرز، لائسنس، نمبر پلیٹس اور دیگر ضروری دستاویزات کی بھی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی۔
ٹیم نے ڈرائیور حضرات کو ہدایات جاری کیں کہ وہ گاڑیوں کو اوور اسپیڈنگ، اوور لوڈنگ اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں سے ہر ممکن گریز کریں، تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موقع پر ہی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ ٹریفک نظام کی بہتری، شہریوں کی حفاظت اور قانون کی عملداری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر مکمل عمل کرکے ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔