مانسہرہ : ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں جاری تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی۔ ڈائریکٹوریٹ آف ٹریننگز کے زیر اہتمام اور خیبر پختونخواہ پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی KPPRAکے تعاون سے حکومتی محکمہ جات میں خریداری کے عمل میں استعمال ہونے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارم e-Pak Acquisition and Disposal System (EPADS) کے استعمال اور اس ضمن میں متعلقہ افسران کی استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے ہونے والی تین روزہ ورکشاپ میں صوبے کے سرکاری محکموں اور ضلعی عدلیہ کے افسران شریک تھے ۔
اختتامی سیشن کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سسٹمز کے استعمال سے شفاف، مؤثر اور معیاری سرکاری خدمات کی فراہمی ممکن ہوگئی ہے ۔
وائس چانسلر نے کہا کہ EPADS جیسے پلیٹ فارمز نا صرف خریداری کے عمل کو تیز اور شفاف بناتے ہیں بلکہ محکموں کی استعداد کار میں بھی نمایاں اضافہ کرتے ہیں۔ انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف ٹریننگز اور KPPRA کی جانب سے ورکشاپ کے انعقاد کو قابل تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کے میدان میں قومی سطح پر نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہے اور ہمارے فارغ التحصیل گریجویٹس ملک کے مختلف اہم سرکاری و نجی اداروں میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو استعمال میں لاتے ہوئے خدمات سر انجام دے رہے ہیں ۔
وائس چانسلر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ فیکلٹی کی انتھک کوششوں، انتظامی مہارت اور مؤثر پالیسی کی بدولت ہزارہ یونیورسٹی نے بین الاقوامی رینکنگ میں صوبہ خیبر پختونخوا ہ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے جو پور ے ہزارہ کے لئے قابل فخر اعزاز ہے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ہم یونیورسٹی کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مزید بہتر درجہ بندی میں لانے کے لیے کامیابی سے پیش رفت کر رہے ہیں اور معیاری تعلیم، تحقیقی ماحول اور جدید سہولیات کی فراہمی کو مسلسل بہتر بنایا جا رہا ہے ۔
وائس چانسلر نے کہا کہ نوجوانوں کی عصری ضروریات اور موجودہ مارکیٹ کے تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی نے بی ایس سائبر سیکیورٹی سمیت متعدد جدید اور بامقصد تعلیمی پروگرامز کا آغاز کیا ہے جو طلباء کو مستقبل کی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔وائس چانسلر نے ڈائریکٹر ٹریننگز محمد سجاد کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ٹریننگز کی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے۔
اس سے قبل کیپرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیصل خان نے بات چیت کرتے ہوئے کیپرا کے ایکٹ اور قوائد و ضوابط اور ان کے دائرہ کار کے متعلق بتایا۔اس موقع پر یونیورسٹی کے دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران بھی موجود تھے۔تقریب کے اختتام پر تربیتی ورکشاپ مکمل کرنے والے شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔