اپر کوہستان مالی اسکینڈل: احتساب عدالت پشاور کی ملزم ملک جبران کی پلی بارگین کی منظوری، رہائی کا حکم

17

پشاور:(MansehraDotCom) احتساب عدالت پشاور نے اپر کوہستان کے اربوں روپے کے مالیاتی اسکینڈل میں نامزد ملزم ملک جبران کی پلی بارگین درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں رہائی دینے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے ملزم اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی توثیق کرتے ہوئے تفصیلی تحریری فیصلہ بھی جاری کر دیا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق ملک جبران نے مجموعی طور پر 4 کروڑ 91 لاکھ 25 ہزار روپے واپس کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ پلی بارگین معاہدے کے تحت ملزم فوری طور پر ایک کروڑ 83 لاکھ روپے بطور پیشگی رقم جمع کروائیں گے، جبکہ باقی ماندہ رقم تین اقساط میں ادا کی جائے گی۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ بقایا رقم تین ماہ کے اندر اندر ادا کرنا لازمی ہوگا۔
ملک جبران کو نیب نے اپر کوہستان مالی اسکینڈل کی تحقیقات کے دوران گرفتار کیا تھا اور وہ اس وقت نیب کی تحویل میں تھے۔ یاد رہے کہ ملک جبران ضلعی زکوٰۃ کمیٹی مانسہرہ کے سابق چیئرمین رہ چکے ہیں اور انہیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم خان سواتی کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
احتساب جج محمد ظفر نے پلی بارگین کی منظوری کے بعد ملزم کی رہائی کے احکامات جاری کیے۔ نیب حکام کے مطابق پلی بارگین کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان کی جزوی رقم واپس ملے گی اور کیس کی قانونی کارروائی بھی مکمل ہو سکے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک جبران نے موقف اختیار کیا کہ ان کا اس اسکینڈل سے براہِ راست کوئی تعلق نہیں۔ ان کے مطابق ان کے مینیجر ریاض کے ملزمان کے ساتھ مالی لین دین کے باعث ان کا نام اس کیس میں شامل ہوا اور انہیں گرفتار کیا گیا۔
واضح رہے کہ اپر کوہستان مالی اسکینڈل میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز سامنے آئی تھیں۔ اس کیس میں دیگر افراد کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اعظم خان سواتی کے بینک اکاؤنٹس میں بھی بڑی رقوم کی منتقلی کی تحقیقات جاری ہیں اور وہ اس معاملے میں تاحال نیب کی تفتیش کا سامنا کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق اسکینڈل کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مزید افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں