ایبٹ آباد میں گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے چار مختلف واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعات بکوٹ، جناح آباد، لنک روڈ اور دھوبی گھاٹ کے علاقوں میں رونما ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق بکوٹ کے علاقے میں ایک جرگے کے دوران تلخ کلامی اس قدر شدت اختیار کر گئی کہ فریقین کے درمیان فائرنگ شروع ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کے بعد ملزم فرار ہو گیا جبکہ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔
دوسرا واقعہ لوئر جناح آباد میں پیش آیا، جہاں جائیداد کے تنازع پر منعقد ہونے والے جرگے کے دوران بیٹے نے فائرنگ کر کے اپنے ہی والد کو قتل کر دیا۔ اس واقعے میں مقتول کے بھائی سمیت تین افراد زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ خاندانی اور جائیداد کے تنازع کا شاخسانہ ہے۔
تیسرا واقعہ ایبٹ آباد کے لنک روڈ پر پیش آیا، جہاں گھریلو تنازع کے دوران ایک شخص نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی اور سسر کو زخمی کر دیا۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔
چوتھا واقعہ دھوبی گھاٹ کے علاقے میں سامنے آیا، جہاں ایک کمرے سے گولی لگی ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق تمام واقعات کی الگ الگ ایف آئی آر درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے گشت اور سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔