بالاکوٹ: گزشتہ روز صوبائی حکومت کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں بالاکوٹ اور گردونواح میں اشیائے خوردونوش کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع اور مؤثر مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ حسرت خان نے ہلال فوڈ اتھارٹی اور متعلقہ ٹیموں کے ہمراہ مختلف بازاروں، دودھ فروشوں اور کریانہ اسٹورز کا تفصیلی معائنہ کیا۔
آپریشن کے دوران دودھ اور دہی کی متعدد دکانوں پر اچانک چھاپے مارے گئے جہاں کئی مقامات پر دودھ میں ملاوٹ پائی گئی۔ موقع پر موجود ٹیم نے غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ دودھ کو تلف کر دیا جبکہ ذمہ دار دکانداروں کے خلاف فوڈ سیفٹی قوانین کے تحت فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ بعض دکانوں کو بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے اور آئندہ کے لیے سخت وارننگ جاری کی گئی۔
کارروائی کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرتے ہوئے ٹیم نے مارکیٹ سے دیسی گھی اور شہد کے مشتبہ نمونے بھی حاصل کیے، جنہیں لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے تاکہ ان کے معیار اور خالص ہونے کی تصدیق کی جا سکے۔ رپورٹ موصول ہونے پر مزید کارروائی متوقع ہے۔
عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ نے غیر معیاری بیسن فروخت کرنے اور چنے کی سرکاری مقررہ قیمت سے زائد وصولی کرنے والے دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ پرائس کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت قانونی نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حسرت خان نے واضح الفاظ میں کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی بھی فرد یا گروہ کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ملاوٹ، زائد قیمت وصولی یا ناقص اشیائے خوردونوش کی فروخت کی صورت میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
بالاکوٹ: اشیائے خوردونوش کے معیار کی جانچ کے لیے بھرپور کریک ڈاؤن، ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں.
15