ضلع مانسہرہ کے علاقہ تناول، یونین کونسل پڑھنہ کے گاؤں جندہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان عباس ارشد کے قتل کے مقدمہ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایف آئی آر میں نامزد ملزم، سابق ایس ایچ او تھانہ پھلڑہ حمزہ کو بی بی اے (قبل از گرفتاری ضمانت) منظور ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد آئندہ کارروائی کے لیے دونوں فریقین کے وکلاء کو دلائل دینے کا موقع فراہم کرتے ہوئے 23 فروری بروز سوموار کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ سماعت کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور مقتول کے اہل خانہ کی بڑی تعداد بھی عدالت میں موجود تھی۔
یاد رہے کہ عباس ارشد کے قتل کے بعد شہر میں شدید احتجاج دیکھنے میں آیا تھا۔ مظاہرین نے مرکزی شاہراہ شاہرہ ریشم کو کئی گھنٹوں تک بلاک رکھا اور ملزم کے خلاف فوری مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ عوامی دباؤ اور مذاکرات کے بعد متعلقہ تھانے میں سابق ایس ایچ او کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقتول کے اہل خانہ کا مؤقف ہے کہ انہیں شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات درکار ہیں، جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کو میرٹ پر آگے بڑھایا جا رہا ہے اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
واقعے نے ضلع بھر میں تشویش کی فضا پیدا کر دی ہے اور شہری حلقے انصاف کی فراہمی کے منتظر ہیں۔
مانسہرہ: تناول کے گاؤں جندہ کا نوجوان عباس ارشد قتل، نامزد ملزم سابق ایس ایچ او عدالت میں پیش
4