🚨 ایبٹ آباد میں کالے شیشوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز 🚨

16

موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ٹریفک پولیس ایبٹ آباد نے ضلع بھر میں کالے شیشوں اور غیر قانونی کالے پیپرز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے۔ شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی بہتری کے لیے مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر ناکہ بندیاں قائم کر دی گئی ہیں جہاں گاڑیوں کی سخت چیکنگ جاری ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک محمد اشتیاق کی خصوصی ہدایات پر سرکل ڈی ایس پیز کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو دن رات متحرک رہتے ہوئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت اہم شاہراہوں پر گاڑیوں کی تفصیلی جانچ پڑتال کر رہی ہیں۔
کارروائی کے دوران کالے شیشوں اور کالے پیپرز والی گاڑیوں کو باقاعدہ روک کر چیک کیا جا رہا ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ متعدد ڈرائیورز کو جرمانے کیے گئے جبکہ کئی گاڑیوں سے موقع پر ہی کالے پیپرز اتار دیے گئے۔
ٹریفک پولیس ترجمان کے مطابق کالے شیشے نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ سیکیورٹی خدشات کو بھی بڑھاتے ہیں، جس کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ اسی لیے بلا امتیاز کارروائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ایس ایس پی ٹریفک محمد اشتیاق نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور اپنی گاڑیوں میں غیر قانونی کالے شیشوں کے استعمال سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوانین پر عملدرآمد سے نہ صرف سیکیورٹی بہتر ہوگی بلکہ ڈرائیورز کو بھی صاف نظارہ اور محفوظ سفر کی سہولت میسر آئے گی۔
مزید برآں، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دوران ڈرائیونگ تمام ضروری دستاویزات ہمراہ رکھیں اور چیکنگ کے دوران پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ کارروائی کو موثر بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں