بٹگرام: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قمر حیات خان (PSP) کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ساجد فاروق خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ریزولوشن کونسل (DRC) کابینہ کا ایک اہم اور جامع اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں عوامی تنازعات کے فوری، شفاف اور پُرامن حل کو یقینی بنانے کے لیے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران اس امر پر زور دیا گیا کہ معمولی نوعیت کے جھگڑوں اور تنازعات کو عدالتوں میں لے جانے کے بجائے ڈی آر سی پلیٹ فارم پر باہمی افہام و تفہیم سے حل کیا جائے تاکہ وقت، وسائل اور توانائی کا ضیاع کم ہو اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ساجد فاروق خان نے کہا کہ ڈی آر سی ایک فعال اور مؤثر فورم ہے جو معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینے، بھائی چارے کو مضبوط بنانے اور دشمنیوں کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے ڈی آر سی اراکین کو ہدایت کی کہ وہ میرٹ، شفافیت اور غیر جانبداری کو ہر صورت مقدم رکھیں اور ہر کیس کو مکمل دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ نمٹائیں۔
اجلاس میں ڈی آر سی کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے، عوامی اعتماد میں اضافہ کرنے اور پولیس و شہریوں کے درمیان روابط کو مستحکم کرنے کے لیے متعدد تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا اور تنازعات کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔




ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق، ایسے اجلاسوں کا انعقاد مستقبل میں بھی باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا تاکہ ضلع میں امن و امان کی فضا کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
بٹگرام: ڈی آر سی اجلاس، عوامی تنازعات کے حل کو مزید مؤثر بنانے پر زور.
17