پولیس اسٹیشن ٹوپی کا تفصیلی معائنہ – ضلعی عدلیہ صوابی کی جانب سے شفافیت کے فروغ کا عزم.

23

صوابی: آج مورخہ 15 اپریل 2026 کو معزز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صوابی جناب اشفاق تاج نے پولیس اسٹیشن ٹوپی کا ایک اہم اور تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ٹوپی جناب اسفندیار، سینئر سول جج (ایڈمن) صوابی جناب سردار جواد احمد، اور جوڈیشل مجسٹریٹ ٹوپی جناب شیراز اکبر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران معزز عدالتی افسران نے پشاور ہائی کورٹ کے جاری کردہ ایس او پیز اور چیک لسٹ کے مطابق تھانے کے مختلف شعبہ جات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ اس میں ریکارڈ روم، مال خانہ، محرر آفس، حوالات، فرنٹ ڈیسک اور دیگر انتظامی امور شامل تھے۔ افسران نے ریکارڈ کی درستگی، اپ ڈیٹ ہونے کی صورتحال اور قانونی تقاضوں کی تکمیل کا خصوصی جائزہ لیا۔
معائنہ کے دوران حوالات میں موجود قیدیوں کی تفصیلات چیک کی گئیں، جہاں ایک قیدی کا اندراج ریکارڈ میں نہ ہونے پر فوری نوٹس لیتے ہوئے اسے موقع پر رہا کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ اس اقدام کو عدالتی نگرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کی ایک واضح مثال قرار دیا گیا۔
مزید برآں روزنامچہ (ڈیلی ڈائری) کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ تھانے میں درج ہونے والے واقعات اور کارروائیوں کی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ عدالتی ٹیم نے تھانے میں صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور عوامی سہولیات کی فراہمی کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو مزید بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
معزز جج صاحبان نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس اسٹیشنز میں قانون کے مطابق تمام ریکارڈ کی بروقت تکمیل، زیر حراست افراد کے حقوق کا تحفظ، اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے دورے اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عوامی اعتماد بحال کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔






یہ دورہ ضلعی عدلیہ صوابی کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ قانون کی بالادستی، شفافیت اور احتساب کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں