بٹگرام: ضلعی پولیس سربراہ قمر حیات خان (PSP) کی خصوصی ہدایات پر بٹگرام ٹریفک پولیس نے ضلع بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں، خاص طور پر سکول وینز اور کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق یہ کارروائی بچوں کی جانوں کو لاحق خطرات اور ٹرانسپورٹ میں غیر محفوظ سفر کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر شروع کی گئی ہے۔ مختلف علاقوں میں اچانک ناکہ بندیوں اور چیکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے، جہاں سکول وینز کو روک کر ان کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ جن سکول وینز میں گنجائش سے زیادہ بچوں کو سوار کیا جا رہا تھا، یا بچے گاڑیوں کی چھتوں، دروازوں، پیچھے والے حصوں یا سائیڈوں پر لٹک کر سفر کر رہے تھے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ متعدد ڈرائیوروں کو موقع پر وارننگز، جرمانے اور بعض گاڑیوں کو تھانے منتقل بھی کیا گیا ہے۔
اسی مہم کے دوران کم عمر موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ بغیر لائسنس اور کم عمری میں ڈرائیونگ کرنے والے افراد کو روک کر ان کے خلاف چالان کیے گئے جبکہ والدین کو بھی سخت وارننگز جاری کی گئیں۔
ضلعی پولیس سربراہ قمر حیات خان نے کہا ہے کہ شہریوں، خصوصاً بچوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس سلسلے میں کریک ڈاؤن بلا تفریق جاری رہے گا۔
پولیس حکام نے والدین اور اسکول انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کی محفوظ آمد و رفت یقینی بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ کے معیار کو بہتر بنائیں اور غیر ذمہ دارانہ رویے سے گریز کریں۔
🚨 بٹگرام میں سکول وینز اور کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع 🚔
20