ہری پور: شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ، شور شرابہ اور لاوڈ اسپیکر کے بے جا استعمال پر پولیس کی کارروائی، متعدد افراد گرفتار

10

ہری پور: تھانہ صدر پولیس نے عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے شادی کی تقریب میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی، جنہوں نے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا سختی سے نوٹس لیا۔
تفصیلات کے مطابق، ایس ایچ او تھانہ صدر چوہدری خالد نے ڈی ایس پی صدر محمد عارف کی نگرانی میں پولیس نفری کے ہمراہ چھاپہ مار کارروائی کی۔ اس دوران شادی کی تقریب میں ناچ گانا، غیر ضروری شور شرابہ، اور لاوڈ اسپیکر کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا تھا، جس سے اہلِ علاقہ کو شدید پریشانی کا سامنا تھا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا اور قانون کی خلاف ورزی میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ:
شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں خوشی منانا ہر شہری کا حق ہے، تاہم قانون کی حدود میں رہتے ہوئے تقریبات کا انعقاد ضروری ہے۔
لاوڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال، رات گئے شور شرابہ اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
عوامی سکون میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
ڈی پی او ہری پور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کا احترام کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں