🚧 ناران سعوچ کے مقام پر گلیشیئر تودہ گرنے سے ٹریفک متاثر، بروقت کارروائی سے راستہ بحال.

28

ناران کے علاقے سعوچ میں گلیشیئر کا تودہ سڑک پر آ گرنے کے باعث شاہراہ کی ایک جانب مکمل طور پر ملبے تلے دب گئی، جس کے نتیجے میں تقریباً چار سے پانچ گھنٹے تک ٹریفک کی روانی متاثر رہی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
سڑک کی ایک جانب بند ہونے کے باعث انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ایک طرف کی ٹریفک کو عارضی طور پر روک کر دوسری جانب سے آمدورفت جاری رکھی، جس سے ٹریفک کا نظام جزوی طور پر بحال رکھا گیا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
گلیشیئر تودہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی انسپکٹر ٹریفک انس خان اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مظہر محمود فوری طور پر مشینری اور ٹریفک عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس نے مشترکہ طور پر ریسکیو اور کلیئرنس آپریشن شروع کیا، جس کے دوران بھاری مشینری کی مدد سے گلیشیئر اور ملبہ سڑک سے ہٹا دیا گیا۔


کامیاب آپریشن کے بعد سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا اور گاڑیوں کی روانی کو یقینی بنایا گیا۔ انسپکٹر ٹریفک انس خان ٹریفک اہلکاروں کے ہمراہ موقع پر موجود رہے اور ٹریفک کی محفوظ اور منظم بحالی کی نگرانی کرتے رہے۔

ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث سیاحوں اور مسافروں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ ٹریفک عملہ مسلسل موقع پر موجود رہ کر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں مصروف ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں