ڈی پی او ہری پور کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم، محرم الحرام سیکیورٹی پلان کا جائزہ.

22

ہری پور: ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام، زیر تفتیش مقدمات اور محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایس پی انویسٹی گیشن شبیر حسین شاہ، سرکل ڈی ایس پیز، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن، ڈی ایس پی ٹریفک، تمام ایس ایچ اوز، انچارجانِ شعبہ تفتیش، چوکیات، او سی یو، ڈسٹرکٹ سیکیورٹی برانچ اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز نے اپنے علاقوں میں جرائم کی صورتحال، ملزمان کی گرفتاریوں، سرقہ شدہ سامان کی برآمدگی اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ تفتیشی افسران نے زیر تفتیش مقدمات کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے ہدایت جاری کی کہ ضلع بھر میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے عادی جرائم پیشہ عناصر، ریکارڈ یافتہ ملزمان اور مشتبہ افراد کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور تمام افسران ٹیم ورک کے تحت کام کرتے ہوئے جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لائیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مؤثر ناکہ بندی، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، سرچ اینڈ کومبنگ کارروائیوں اور اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
محرم الحرام کے حوالے سے ڈی پی او ہری پور نے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ علماء کرام، اہل تشیع منتظمین، امن کمیٹیوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے۔ مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ پیشگی میٹنگز منعقد کرکے ضابطۂ اخلاق پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ فرقہ واریت، مذہبی منافرت اور اشتعال انگیز سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور امن و بھائی چارے کی فضا خراب کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








ڈی پی او ہری پور نے زیر التواء اور زیر تفتیش مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام تفتیشی افسران میرٹ، شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات مکمل کریں تاکہ متاثرین کو بروقت انصاف فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں