مانسہرہ: چنار کوٹ کے مقام پر کوسٹر اور مہران کار کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے دو افراد جاں بحق جبکہ دو سگے بھائی شدید زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا خاندان بانڈہ پیراں کا رہائشی تھا اور اپنی زرعی زمینوں کی دیکھ بھال کے لیے چھترپلین رانجھا جا رہا تھا کہ راستے میں یہ افسوسناک حادثہ پیش آ گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر حادثے میں نثار نامی شخص جاں بحق ہوا جبکہ عدنان، عادل اور خورشید زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو موٹر وے پولیس کی ایمبولینس کے ذریعے شنکیاری ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ جاں بحق نثار کی میت قانونی کارروائی کے لیے ریسکیو ایمبولینس میں بٹل ہسپتال منتقل کی گئی۔
بعد ازاں ہسپتال ذرائع اور تھانہ بٹل کے محرر نے تصدیق کی کہ شدید زخمی ہونے والا خورشید بھی دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد دو ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق زخمی عادل اور عدنان آپس میں سگے بھائی ہیں جبکہ جاں بحق نثار اور خورشید آپس میں کزن تھے۔ خاندان گزشتہ تقریباً بیس سال سے روزانہ کی بنیاد پر بانڈہ پیراں سے چھترپلین رانجھا اپنی زرعی زمینوں پر آتا جاتا رہا ہے، جہاں وہ سبزیوں سمیت مختلف فصلوں کی کاشت کرتے تھے۔ علاقے میں ان کی قریبی رشتہ داریاں بھی موجود ہیں اور حادثے والے روز بھی وہ معمول کے مطابق اپنے کھیتوں کی طرف جا رہے تھے۔
حادثے کی خبر علاقے میں پہنچتے ہی فضا سوگوار ہو گئی جبکہ اہلِ علاقہ نے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
چنار کوٹ کے مقام پر المناک ٹریفک حادثہ، دو کزن جاں بحق، دو سگے بھائی شدید زخمی.
24