مانسہرہ: ٹرانسفارمرز کی کوائلز چوری کرنے والا گروہ بے نقاب، 4 ملزمان گرفتار.

25

مانسہرہ: تھانہ صدر پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ٹرانسفارمرز کی کوائلز چوری میں ملوث ایک منظم گروہ کو بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران چار ملزمان کو گرفتار کر کے چوری شدہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ صدر کی حدود بلہگ پائین میں ٹرانسفارمرز کی کوائلز چوری کا مقدمہ پہلے ہی درج تھا، جس کی تفتیش مختلف پہلوؤں سے جاری تھی۔ ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان کی ہدایات پر خصوصی پولیس ٹیم نے جدید تکنیکی ذرائع، خفیہ معلومات اور مشتبہ سرگرمیوں کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لیا۔
دورانِ تفتیش حاصل ہونے والے شواہد کی روشنی میں صائم ولد تاج محمد سکنہ ایبٹ آباد، منصف ولد محمد فرید سکنہ گوجرہ پھلڑہ، زیشان ولد بشیر سکنہ ڈھانگری اور اسحاق ولد آصف نذیر سکنہ ڈھانگری کو باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر چوری شدہ کوائلز اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان ایک منظم گروہ کی صورت میں مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمرز کی کوائلز چوری کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

مزید تفتیش کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ ملزمان اسی نوعیت کی ایک اور واردات کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم مانسہرہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں اپنے عزائم کی تکمیل سے قبل ہی گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں