کوہاٹ: لاچی پولیس کی ناکہ بندی کے دوران کارروائی، پولیس مقابلے کے بعد مطلوب ملزم زخمی حالت میں گرفتار.

22

کوہاٹ کے علاقے لاچی میں تھانہ لاچی پولیس نے ناکہ بندی کے دوران ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے منشیات کے مقدمات میں مطلوب ایک ملزم کو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس ٹیم معمول کے مطابق ناکہ بندی اور چیکنگ میں مصروف تھی۔ اس دوران دو مشتبہ افراد نے رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے ملزم کو فوری طور پر پولیس کی نگرانی میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے اسلحہ، موٹر سائیکل اور چرس بھی برآمد ہوئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم منشیات کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

فرار ہونے والے دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں