لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے، جبکہ مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہو گئے۔
واسا کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ 143 ملی میٹر بارش سگیاں میں ریکارڈ کی گئی، جبکہ فرخ آباد میں 141 ملی میٹر، پانی والا تالاب میں 129 ملی میٹر، اپر مال میں 106 ملی میٹر اور لکشمی چوک میں 94 ملی میٹر بارش ہوئی۔
شدید بارش کے باعث ڈیوس روڈ، شادمان، شاہ جمال، گورنر ہاؤس کے قریب اسکواش کمپلیکس اور دیگر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔
واسا حکام کے مطابق لارنس روڈ، چوک ناخدا، وارث روڈ، ظہوالٰہی روڈ، نابھا روڈ، کریم بلاک، راوی روڈ، حاجی کیمپ اور جی پی او چوک سمیت بیشتر علاقوں سے بارش کا پانی نکال دیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق گڑھی شاہو ریلوے کالونی میں چھت گرنے سے معین، ان کی اہلیہ نورین اور بیٹی فاطمہ جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کی دوسری بیٹی زخمی ہوگئی۔
اسی طرح بیدیاں روڈ پر چھت گرنے سے اسلم، احسن اور ممتاز بی بی زخمی ہوئے، جبکہ فیروزپور روڈ، شاداب کالونی میلاد چوک کے قریب ایک اور چھت گرنے کے واقعے میں 4 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
لیسکو حکام کے مطابق بارش کے باعث 37 بجلی کے فیڈرز عارضی طور پر متاثر ہوئے تھے، تاہم تمام متاثرہ فیڈرز کو بحال کر دیا گیا ہے۔
🌧️ بریکنگ نیوز | لاہور میں موسلا دھار بارش، چھتیں گرنے سے 3 افراد جاں بحق، 8 زخمی.
19