ضلع خیرپور کے علاقے ٹھری میرواہ کے قریب ایک گاؤں میں کتے کے کاٹنے کا شکار نوجوان عیدل سومرو کی حالت علاج نہ ملنے کے باعث تشویشناک ہوگئی۔ ورثاء کے مطابق عیدل سومرو کو تقریباً دس روز
قبل کتے نے کاٹ لیا تھا، جس کے بعد اسے فوری طور پر علاج کے لیے ٹھری میرواہ تعلقہ اسپتال لے جایا گیا تاہم وہاں انسدادِ ریبیز ویکسین دستیاب نہ ہونے کے باعث علاج شروع نہ ہوسکا۔ مریض کے
والد عباس علی سومرو کا کہنا ہے کہ اسپتال سے مایوس ہوکر وہ اپنے بیٹے کو گھر واپس لے آئے لیکن بروقت علاج نہ ملنے سے اس کی طبیعت مسلسل بگڑتی گئی اور اب اس کی حالت انتہائی تشویش ناک ہوچکی
ہے۔ ورثاء نے مالی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ مہنگا علاج کرانے کی استطاعت نہیں رکھتے، اس لیے مجبوراً انہوں نے مریض کو درخت سے باندھ دیا تاکہ وہ خود کو یا دوسروں کو نقصان نہپہنچائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ مریض کو فوری طبی امداد اور ضروری ویکسین فراہم کی جائے تاکہ اس کی جان بچائی جا سکے۔