راولپنڈی: ایک اور شادی شدہ خاتون “سندس خان” کو شوہر نے مبینہ طور پر تشدد کرکے قتل کر دیا.

29

راولپنڈی – راولپنڈی میں حنا جاوید کے قتل کے بعد ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں اڈیالہ روڈ کے علاقے میں شادی شدہ خاتون سندس خان کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر اور ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
یہ واقعہ راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی کی حدود میں واقع حبیب لائن، اڈیالہ روڈ پر پیش آیا ۔ مقتولہ سندس خان کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے تھا اور ان کی شادی دو سال قبل تنویر نامی شخص سے ہوئی تھی ۔ دونوں کا ایک سال کا بیٹا بھی ہے ۔
مقتولہ کے بھائی محمد ابراہیم کے مطابق، اس کا بہنوئی تنویر دبئی میں ملازمت کرتا تھا اور 4 ماہ قبل ہی پاکستان واپس آیا تھا ۔ شادی کے بعد سے دونوں میاں بیوی کے درمیان ناچاقی رہتی تھی ۔
مقدمے کے مطابق سسرال والوں نے مقتولہ کو ذہنی طور پر پریشان کر رکھا تھا۔ کل رات مقتولہ نے والدہ کو فون کرکے بتایا تھا کہ وہ ذہنی اذیت کا شکار ہے۔ جب رات کو بھائی نے بہن کو واپس لانے کے لیے کال کی تو فون سندس کی نند نے رسیو کیا اور بتایا کہ سندس نے خودکشی کر لی ہے ۔
تاہم پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کا بھی انکشاف کیا ہے ۔
پولیس نے مقتولہ کے شوہر سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔
یہ واقعہ راولپنڈی میں چند ہی دن قبل حنا جاوید کے قتل کے بعد پیش آیا ہے، جس نے شہر میں خواتین کے خلاف گھریلو تشدد اور جرائم کے حوالے سے عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا پر تشویش کی ایک نئی لہر پیدا کر دی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں