حافظ آباد: پنجاب کے ضلع حافظ آباد کے علاقے سکھیکی میں ایک افسوسناک واقعے کے دوران نوجوان کی فائرنگ سے اس کی سوتیلی ماں اور دو کمسن سوتیلے بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ سکھیکی میں پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان کی سوتیلی ماں جبکہ 7 اور 5 سالہ سوتیلے بہن بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ واقعے میں مجموعی طور پر تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، جہاں ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
ابتدائی پولیس تفتیش کے مطابق ملزم کو اپنے والد کی جانب سے تقریباً 10 سال قبل کی گئی دوسری شادی پر رنج تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسی خاندانی تنازعے کو واقعے کی ممکنہ وجہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم مزید حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔
حافظ آباد: نوجوان کی فائرنگ، سوتیلی ماں اور 2 کمسن بہن بھائی جاں بحق.
31