کوہاٹ دھماکا: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات.

32

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کوہاٹ پولیس لائنز دھماکے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء نے قوم اور صوبے کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا گزشتہ 22 برس سے دہشتگردی کے خلاف جنگ کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی دہشتگردی سے متعلق پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے اسے ناکام قرار دیا اور کہا کہ صوبائی حکومت دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنی پالیسی پیش کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق پولیس کو جدید اسلحے سے لیس کرنے کے لیے 35 ارب روپے اضافی فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ مالی سال 2026-27 میں پولیس کا بجٹ بڑھا کر 190 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو مضبوط کیے بغیر صوبے میں پائیدار امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق ڈی ایچ کیو اسپتال کوہاٹ کو ضروری طبی آلات فراہم کیے جائیں گے۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ دھماکے سے متاثرہ مسجد اور اسپیشل برانچ پولیس اسٹیشن کی عمارت کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا، جبکہ کوہاٹ میں 1000 بستروں پر مشتمل اسپتال بھی کم سے کم مدت میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں