گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خیبر پختونخوا سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے صوبے کی وزیراعلیٰ کو بڑا دل رکھنا چاہیے اور صوبائیت کو ہوا دینے سے گریز کرنا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا ملک کو تیل اور گیس فراہم کرتا ہے جبکہ پانی کے وسائل سے بھی دیگر صوبے استفادہ کرتے ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبے کے نوجوان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہے ہیں، اس لیے سیاسی رہنماؤں کو صوبائی اختلافات بڑھانے کے بجائے وفاق کو مضبوط بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیاں نئے صوبے بنانے کا فیصلہ کریں تو یہ عمل آئینی و جمہوری طریقے سے آگے بڑھ سکتا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے جماعت اسلامی کے احتجاج کو پرامن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پرامن احتجاج کے حق میں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیکیورٹی کے لیے کنٹینرز لگائے گئے ہیں اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
’میرا صوبہ، میرا پانی‘ نہ کریں، بڑے صوبے کی وزیراعلیٰ کا بڑا دل ہونا چاہیے: فیصل کریم کنڈی.
31