مانسہرہ میں تھانہ سٹی پولیس نے اسلحہ کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایک اسلحہ ڈیلر کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی کیڈٹ ثاقب نے معمول کی چیکنگ کے دوران اسلحہ ڈیلر کے اسٹاک رجسٹر کا جائزہ لیا، جہاں درج مقدار سے کہیں زیادہ اسلحہ موجود پایا گیا۔
پولیس نے ملزم بشارت ولد محمد عارف، سکنہ ماڑی خانخیل، کو موقع پر گرفتار کر کے اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا، جس میں 7 عدد کلاشنکوف 7.62 بور، 2 عدد جی تھری رائفلز، 7 عدد رائفل 233 بور، 1 عدد 8 ایم ایم رائفل، 1 عدد بندوق 12 بور، 2 عدد پستول 30 بور اور 2 عدد کلاشنکوف 222 بور شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ برآمد شدہ اسلحہ تحویل میں لے کر مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ضلع میں غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔