پشاور: “گرین انرولمنٹ کمپین 2026” کے آغاز کے لیے اہم اجلاس منعقد

20

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم، حکومتِ خیبر پختونخوا کے کانفرنس روم پشاور میں سال 2026 کی نئی انرولمنٹ مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے کی۔
اجلاس میں باضابطہ طور پر اعلان کیا گیا کہ صوبے بھر میں نئی داخلہ مہم “گرین انرولمنٹ کمپین 2026” کے نام سے شروع کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے تمام متعلقہ اداروں اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔
ارشد ایوب خان نے کہا کہ اس نئی مہم کے تحت تمام ضلعی تعلیمی افسران، تعلیمی فاؤنڈیشنز، پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی (PSRA)، نجی تعلیمی اداروں اور دیگر شراکت داروں کو ان کی اصل استعداد اور مستند اعداد و شمار کی بنیاد پر حقیقت پسندانہ اہداف دیے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مؤثر منصوبہ بندی، منظم حکمتِ عملی اور روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا کی نگرانی کے ذریعے پہلی مرتبہ سو فیصد نتائج حاصل کیے جا سکیں گے۔
اجلاس میں سیکریٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد خالد، اسپیشل سیکریٹری مسعود احمد، منیجنگ ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن قیصر عالم، منیجنگ ڈائریکٹر مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن محترمہ فریحہ، ڈائریکٹر جنرل ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی، ایجوکیشن ایڈوائزر میاں سعدالدین، چیف پلاننگ آفیسر زین اللہ، ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نعمانہ سردار، ڈائریکٹر ای ایم آئی ایس صلاح الدین، یونیسف کے نمائندگان اور لوکل ایجوکیشن گروپ (LEG) کے اراکین شریک ہوئے، جبکہ صوبے بھر کے ضلعی تعلیمی افسران نے آن لائن شرکت کی۔
صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ گرین انرولمنٹ کمپین 2026 کا بنیادی مقصد صوبے کے ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا اور شجرکاری کے فروغ کے ذریعے ماحولیاتی بہتری لانا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔
انہوں نے تمام شراکت داروں سے اپیل کی کہ حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے منظم انداز میں مہم چلائی جائے اور مقررہ اہداف کو بروقت حاصل کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے بالخصوص بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے اور طالبات کے زیادہ سے زیادہ اندراج کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ارشد ایوب خان نے مزید کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی محکمہ تعلیم کی اولین ترجیح ہے، اس لیے ڈائریکٹوریٹ اور تمام ضلعی تعلیمی افسران میڈیا، سوشل میڈیا، مدارس اور کھلی کچہریوں کے انعقاد کے ذریعے عوامی آگاہی میں اضافہ کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مہم کی کامیابی کے لیے مقامی اراکینِ صوبائی اسمبلی سے بھی تعاون حاصل کیا جائے، جبکہ داخل ہونے والے طلبہ کو خصوصی عمر میں نرمی (ایج ریلیکسیشن) دی جائے گی اور تمام نئے طلبہ کا ڈیجیٹل ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس مہم کے تحت تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ صوبے بھر میں شجرکاری بھی کی جائے گی تاکہ ماحول اور جنگلات کے تحفظ کو فروغ دیا جا سکے۔ اجلاس کے دوران مہم کی مؤثر عملداری کے لیے مختلف تجاویز اور آراء بھی پیش کی گئیں۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کے عمل کو مزید آسان بنائے اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ موجودہ حکومت آئندہ انرولمنٹ مہمات کے لیے پانچ سالہ جامع منصوبہ بھی تیار کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں