بٹگرام — ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام، قمر حیات خان (PSP) نے کنڈاؤگلی چیک پوسٹ کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات، ناکہ بندی کے طریقہ کار اور ڈیوٹی پر تعینات پولیس نفری کی کارکردگی کا تفصیلی معائنہ کیا۔



دورے کے دوران ڈی پی او نے داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں اور افراد کی چیکنگ کے عمل کا خود مشاہدہ کیا اور ریکارڈ رجسٹر، اسلحہ، میٹل ڈیٹیکٹرز اور دیگر سیکیورٹی آلات کی دستیابی اور فعالیت کو بھی چیک کیا۔ انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ مشکوک افراد اور گاڑیوں کی مؤثر اسکریننگ کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
قمر حیات خان نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام چیک پوسٹس پر الرٹ رہنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ دورانِ ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر حفاظتی سامان کا استعمال لازمی بنایا جائے اور رات کے اوقات میں خصوصی طور پر سرچ اور اسنیپ چیکنگ کو مزید سخت کیا جائے۔
ڈی پی او نے مزید واضح کیا کہ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ اور مستعدی ہی عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ضمانت ہے، اور پولیس فورس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق اس قسم کے اچانک دوروں کا مقصد سیکیورٹی نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانا ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت کو بروقت روکا جا سکے۔
بٹگرام: ڈی پی او قمر حیات خان (PSP) کا کنڈاؤگلی چیک پوسٹ کا اچانک معائنہ، سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ.
10