وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا 57ویں کابینہ اجلاس سے خطاب، خواتین کیلئے ای وی بائیکس اسکیم کا اعلان

14

پشاور (اے پی پی) — وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے 57ویں صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کیلئے الیکٹرک بائیکس اسکیم کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ اس اسکیم کے تحت کالجز اور یونیورسٹیوں کی طالبات سمیت ملازمت پیشہ خواتین کو خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ای وی بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ اسکیم کا پہلا فیز جلد شروع ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ای وی بائیکس کے بعد ای وی رکشوں کی اسکیم بھی متعارف کرائی جائے گی، جبکہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں الیکٹرک بسز کی اسکیم پر کام تیز کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ انہوں نے عوامی مفاد کی تمام اسکیموں پر بیوروکریٹک رکاوٹوں اور سیاسی غفلت سے بالاتر ہو کر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بھی ملک بھر میں ای بائیکس اور ای رکشوں کیلئے سود سے پاک قرضوں کی اسکیم شروع کی گئی ہے، جس میں 25 فیصد ای بائیکس خواتین کیلئے مختص کی گئی ہیں۔
عمران خان کی صحت پر سخت تشویش کا اظہار
وزیراعلیٰ آفریدی نے سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت کے حوالے سے انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی نگرانی میں ان کی صحت خراب ہوئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو وہ مکمل طور پر صحت مند تھے، مگر آٹھ، نو ماہ سے مسلسل قیدِ تنہائی میں رکھے جانے کے باعث ان کی صحت متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے اس رویے کو پاکستان کی تاریخ میں بے مثال قرار دیا۔
واضح رہے کہ 18 اگست 2026 کو سپریم کورٹ نے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا تاکہ مکمل طبی معائنہ کیا جا سکے۔ تاہم، عدالتی احکامات کے باوجود انہیں رات کے اندھیرے میں پی آئی ایم ایس ہسپتال لے جایا گیا اور محض ایک گھنٹے کے معائنے کے بعد واپس جیل بھیج دیا گیا، جس پر ان کی پارٹی اور خاندان نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ آفریدی نے کہا کہ عدالتی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینکنا عدلیہ اور ججز کی توہین ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت عدالتوں کی جانب سے عمران خان کے حوالے سے جاری احکامات پر من و عن عملدرآمد کرے گی اور پوری قوم عدالتوں سے انصاف کی امید رکھتی ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں