نیلم ویلی میں نوجوان کا قتل، علاقے میں خوف و تشویش کی فضا.

20

مظفرآباد — اپر نیلم کی پُرامن وادی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں نامعلوم افراد نے راجہ شیراز خان ولد راجہ امتیاز خان کو مبینہ طور پر سر میں گولی مار کر قتل کر دیا اور لاش سڑک کنارے پھینک کر فرار ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ رات کی تاریکی میں پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں خوف و تشویش کی فضا پھیل گئی۔
علاقے کے امن و امان پر سوالیہ نشان
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اپر نیلم کا علاقہ پُرامن اور پُرسکون خطہ سمجھا جاتا تھا، مگر اس واقعے نے علاقے کے امن و امان کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
اہلِ علاقہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ قتل میں ملوث افراد اور ان کے ممکنہ سہولت کاروں کو فوری طور پر بے نقاب کیا جائے اور انہیں سخت ترین سزا دلوائی جائے۔
راجہ شیراز خان کا قتل نہ صرف ایک خاندان کے چراغ بجھنے کے مترادف ہے، بلکہ پوری وادی نیلم کے لیے بھی گہرا صدمہ ہے۔ مقامی افراد نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں