ماہِ رمضان کے بابرکت مہینے میں اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروری سامان کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد نے کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لے آئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم کی خصوصی ہدایات پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ضلع بھر کے مختلف بازاروں، سبزی و فروٹ منڈیوں، کریانہ اسٹورز، نان شاپس، قصاب خانوں اور ہوٹلوں میں اچانک چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔
انتظامیہ کے مطابق آج کی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 412 دکانوں اور ہوٹلوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ چیکنگ کے دوران سرکاری نرخ نامہ آویزاں نہ کرنے، مقررہ قیمتوں سے زائد وصولی، کم وزن تولنے اور صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔
خلاف ورزی کے مرتکب 18 دکانوں کو موقع پر سیل کر دیا گیا جبکہ 17 دکانداروں کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ گراں فروشی میں ملوث افراد کو مجموعی طور پر 72 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے دوران ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور عوام کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام دکاندار سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں اور مقررہ نرخوں پر معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ گراں فروشی یا ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ انتظامیہ کے مطابق رمضان المبارک کے دوران روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ایبٹ آباد: رمضان المبارک میں گراں فروشی کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا بڑا کریک ڈاؤن، 18 دکانیں سیل، 17 گرفتار.
7