نوشہرہ: آضاخیل پایان کے علاقے میں افسوسناک واقعہ، پسند کا گوشت نہ ملنے پر گاہک کی فائرنگ سے قصاب جاں بحق
نوشہرہ کے نواحی علاقے آضاخیل پایان میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر پسند کا گوشت نہ دینے پر ایک مشتعل گاہک نے فائرنگ کر کے جوان سال قصاب کو قتل کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزم، جس کی شناخت محمدے کے نام سے ہوئی ہے، قصاب کی دکان پر گوشت خریدنے آیا۔ مبینہ طور پر پسند کا گوشت نہ ملنے پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی۔ ملزم نے طیش میں آ کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں نوجوان قصاب ثاقب موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
واقعے کے بعد ملزم ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔
واقعے کی خبر پھیلتے ہی اہل علاقہ اور تاجر برادری شدید مشتعل ہوگئی۔ احتجاجاً آضاخیل بازار کی متعدد دکانیں بند کر دی گئیں اور مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مشتعل افراد نے تھانے کے گھیراؤ کی دھمکی بھی دی۔
پولیس حکام نے مظاہرین سے مذاکرات کرتے ہوئے ملزم کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد احتجاج پرامن طور پر ختم کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
نوشہرہ: پسند کا گوشت نہ ملنے پر فائرنگ، نوجوان قصاب جاں بحق، عوام کا شدید احتجاج
17