ایبٹ آباد: تھانہ کوٹھیالہ پولیس کی مؤثر کارروائیاں، ناکہ بندیوں کے دوران 6 مشکوک افراد حراست میں، بینکوں کا سکیورٹی آڈٹ بھی مکمل

22

ایبٹ آباد میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں تھانہ کوٹھیالہ پولیس نے اہم اور مؤثر کارروائیاں انجام دیں۔ یہ کارروائیاں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئیں، جن کا مقصد ضلع بھر میں امن و امان کو یقینی بنانا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کوٹھیالہ کیڈٹ گل رحمن قریشی کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کے مختلف داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات پر ناکہ بندیاں قائم کیں۔ اس دوران گاڑیوں کی مکمل تلاشی لی گئی جبکہ مشکوک افراد کی کڑی نگرانی بھی کی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ناکہ بندیوں کے دوران 6 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کے لیے تھانہ کوٹھیالہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان سے مختلف پہلوؤں پر پوچھ گچھ جاری ہے۔
اس کے علاوہ پولیس ٹیم نے علاقے میں قائم نجی و سرکاری بینکوں کا سکیورٹی آڈٹ بھی کیا۔ آڈٹ کے دوران بینکوں میں تعینات سکیورٹی گارڈز کی کارکردگی، سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت، الارم سسٹم کی موجودگی اور ایمرجنسی رسپانس کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پولیس حکام نے بینک انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کیا جائے۔
ڈی پی او ایبٹ آباد کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ضلع بھر میں گشت، سرچ آپریشن اور چیکنگ کا سلسلہ مزید سختی سے جاری رکھا جائے گا تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی ممکن بنائی جا سکے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں