مانسہرہ ( مانسہرہ_ڈاٹ_کام ): تھانہ شنکیاری کی حدود پنجول شنکیاری میں پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے۔ واقعے میں عادل شہزاد نامی شہری جاں بحق جبکہ محبوب عالم شدید زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم الطاف، جو کہ شنکیاری کا رہائشی ہے، نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر فائرنگ کی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ شنکیاری عاصم بخاری نے فوری طور پر پولیس ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کیا۔
پولیس نے جدید حکمت عملی اپناتے ہوئے محض آدھے گھنٹے کے اندر مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا، جسے مزید تفتیش کے لیے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے جبکہ آلہ قتل بھی برآمد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
زخمی ہونے والے محبوب عالم کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل اور شفاف تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ ملزم کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے۔
پولیس حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
📰 شنکیاری فائرنگ کیس: مرکزی ملزم گرفتار، پولیس کی بروقت کارروائی.
13