🌧️ بٹگرام میں موسلا دھار بارش، ریسکیو 1122 ہائی الرٹ — ضلعی انتظامیہ کی عوام کو احتیاطی ہدایات.

14

بٹگرام: حالیہ شدید بارشوں کے پیش نظر صوبائی حکومت کی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد کی خصوصی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہو گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جان محمد کی سربراہی میں ریسکیو 1122 بٹگرام کی تمام ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیمیں تحصیل آلائی اور تحصیل بٹگرام کے مختلف نشیبی اور حساس علاقوں میں مسلسل گشت کر رہی ہیں۔ ٹیموں نے ندی نالوں، برساتی پانی کے بہاؤ اور ممکنہ خطرناک مقامات کے قریب موجود افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام میں آگاہی مہم بھی جاری ہے، جس کے تحت شہریوں کو ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، سیلابی ریلوں اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشات موجود ہیں۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور مشینری و عملے کو تیار رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ:
🔹 ندی نالوں، نہروں اور برساتی پانی کے قریب جانے سے مکمل اجتناب کریں
🔹 غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں
🔹 بچوں کو اکیلے باہر نہ جانے دیں
🔹 بجلی کے کھمبوں، لٹکتی تاروں اور درختوں سے دور رہیں
🔹 کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں




ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر ریسکیو 1122 یا ڈپٹی کمشنر بٹگرام کے کنٹرول روم نمبر 0997-310136 پر رابطہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں