🚨 بٹل میں ڈکیتی کے دوران نوجوان کے قتل کا معمہ حل، مرکزی ملزمان گرفتار.

11

مانسہرہ: (مانسہرہ_ڈاٹ_کام)

تھانہ بٹل پولیس نے ڈکیتی کے دوران نوجوان کو قتل کرنے کے اندوہناک واقعہ کا سراغ لگا کر مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مانسہرہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ڈی پی او مانسہرہ نے بتایا کہ 26 مارچ 2026 کو تھانہ بٹل کی حدود میں پیش آنے والے اس سنگین واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے بھرپور اور منظم کارروائی شروع کی۔ واقعہ کے مطابق رات تقریباً 2 بجے نامعلوم نقاب پوش ملزمان شہری منور ولد محمد اشرف سکنہ ملکاں بٹل کے گھر میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے۔ دوران واردات اہل خانہ کی مزاحمت پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں منور شدید زخمی ہو گیا اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، جبکہ اس کے دادا وزیر ولد جام دین معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
ڈی پی او کے مطابق واقعہ کی سنگینی کے پیش نظر ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی، جس میں ایس پی انویسٹی گیشن، ایس پی سٹی، ڈی ایس پی سرکل شنکیاری، ایس ایچ او تھانہ بٹل، ایس ایچ او شنکیاری اور دیگر ماہر تفتیشی افسران شامل تھے۔ ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی فوٹیج، ہیومن انٹیلی جنس اور دیگر سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا۔
پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے قلیل وقت میں مرکزی ملزمان شاہنواز ولد عبدالرزاق سکنہ سلدہار بٹل اور ارباز عرف عباس ولد منور سکنہ بٹل کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے ایک ساتھی محمد وحید ولد ہجومت خان سکنہ بیلہ املوک بٹل کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ واردات مکمل منصوبہ بندی کے تحت کی گئی تھی، تاہم مزاحمت کے باعث انہوں نے فائرنگ کی جو شہری کی موت کا سبب بنی۔
ڈی پی او مانسہرہ نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا 30 بور پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزمان نے عدالت کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے، جس سے کیس مزید مضبوط ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کیس میں ملوث مزید دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی انہیں بھی گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ڈی پی او مانسہرہ نے واضح کیا کہ ضلع میں امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا بے گناہ شہریوں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ مانسہرہ پولیس ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں