ایبٹ آباد: خیبرپختونخوا پولیس کے انسپکٹر جنرل ذوالفقار حمید کے ویژن کے مطابق پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان نے ضلع بھر کے مستحق پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں میں ویلفیئر فنڈز کے چیکس تقسیم کیے۔
تفصیلات کے مطابق اس ویلفیئر اقدام کے تحت پولیس افسران و جوانوں، ریٹائرڈ ملازمین، شہداء کے لواحقین، بیواؤں اور ملازمین کے بچوں کو مالی معاونت فراہم کی گئی۔ سکالرشپ پروگرام کے تحت 87 مستحق افراد میں مجموعی طور پر 26 لاکھ روپے تقسیم کیے گئے، جبکہ میڈیکل ایڈ کی مد میں 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے چیکس جاری کیے گئے۔ اس طرح مجموعی طور پر تقریباً 39 لاکھ روپے کی خطیر رقم مستحقین تک پہنچائی گئی۔
تقریب کے دوران ڈی پی او ہارون رشید خان نے مستحقین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل بھی سنے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس فورس کے ہر فرد اور اس کے خاندان کی فلاح محکمہ کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار دن رات عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے خدمات سرانجام دیتے ہیں، لہٰذا ان کی معاشی اور سماجی بہتری کو یقینی بنانا نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا کے وژن کے مطابق پولیس ویلفیئر کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ اہلکاروں کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات میں ہر ممکن سہارا فراہم کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ بیواؤں اور یتیم بچوں کی کفالت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ اس قسم کے ویلفیئر اقدامات سے نہ صرف پولیس ملازمین کا مورال بلند ہوتا ہے بلکہ ان میں اپنے فرائض مزید لگن، دیانتداری اور جذبے کے ساتھ سرانجام دینے کا حوصلہ بھی پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ بھی ایسے فلاحی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور پولیس خاندان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔






تقریب کے اختتام پر مستحقین نے محکمہ پولیس اور اعلیٰ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مالی معاونت ان کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں اور اس سے ان کے مسائل کے حل میں نمایاں مدد ملے گی۔
پولیس ویلفیئر کے تحت بڑی پیش رفت — ایبٹ آباد میں 39 لاکھ روپے کے چیکس تقسیم.
30