🚨 خیبر پختونخوا میں CNG بندش اور گندم بحران پر ہنگامی اجلاس طلب

26

خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے صوبے میں CNG کی طویل بندش اور پنجاب سے گندم کی ترسیل میں تعطل کے باعث ممکنہ خوراکی بحران کے خدشات کے پیش نظر ایک اہم خصوصی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
یہ اجلاس 18 مئی 2026 بروز پیر صبح 11 بجے خیبر پختونخوا اسمبلی میں منعقد ہوگا۔
اسپیکر کے مطابق CNG کی بندش کے باعث ٹرانسپورٹ، صنعتی سرگرمیاں اور شہریوں کی روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے، جبکہ گندم کی ترسیل میں رکاوٹوں کے باعث آٹے کی ممکنہ قلت اور قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جو عوام کے لیے سنگین صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور کسٹوڈین آف دی ہاؤس یہ ان کی آئینی ذمہ داری ہے کہ عوامی مسائل پر فوری توجہ دی جائے اور تمام متعلقہ اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر مؤثر حکمت عملی ترتیب دی جائے۔
اجلاس میں شرکت کے لیے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ، CNG ایسوسی ایشن کے صدر ابرار سعید، فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندگان، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، وزیر قانون، وزیر اطلاعات، وزیر خزانہ، سیکرٹری خوراک، سیکرٹری توانائی و پاور، سیکرٹری قانون، سیکرٹری خزانہ، آڈیٹر جنرل اور چیمبر آف کامرس کے صدر بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
اسپیکر بابر سلیم سواتی نے واضح کیا کہ اجلاس کا مقصد CNG بندش اور گندم کی ترسیل میں رکاوٹوں کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لینا، زمینی حقائق کو سامنے لانا اور وفاق و صوبے کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنا کر عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے تاکہ ایک جامع اور دیرپا حل نکالا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں