واڑی کے علاقے دسکوڑ پائین میں ایک دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک فیلڈر گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر جاں بحق جبکہ خواتین سمیت متعدد افراد شدید زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق حادثہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا اور گاڑی کھائی میں گرتے ہی بری طرح تباہ ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ امدادی کارروائی کے دوران جاں بحق شخص کی لاش اور زخمیوں کو نکال کر فوری طور پر واڑی اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں خواتین بھی شامل ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ جاں بحق نوجوان اور تمام زخمی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جو بڈالئی جہانگیر آباد کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔