صوبائی حکومت کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ محترمہ ثناء فاطمہ نے لاری اڈہ مانسہرہ کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے اڈے پر موجود مختلف بسوں، ویگنوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے کرایہ ناموں (Fare Lists) کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر مسافروں سے وصول کیے جانے والے کرایوں کی بھی جانچ پڑتال کی گئی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی بھی ٹرانسپورٹر مقررہ سرکاری کرایوں سے زائد وصولی نہ کرے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر موجود ٹرانسپورٹرز اور اڈہ انتظامیہ کو واضح اور سخت ہدایات جاری کیں کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کرایہ ناموں پر مکمل عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے، جس پر کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا تمام ٹرانسپورٹرز ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور مسافروں کو بہتر سہولیات اور شفاف کرایہ نظام فراہم کریں۔
دورے کے دوران انتظامی امور، صفائی ستھرائی اور مسافروں کے لیے بنیادی سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ موقع پر موجود عملے کو ہدایت دی گئی کہ اڈے کے نظام کو مزید بہتر اور منظم بنایا جائے۔






ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کرایہ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔