ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں تھانہ کینٹ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شہری سے موبائل فون اور نقدی چھیننے والے تین رکنی گروہ کو واردات کے صرف 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ کینٹ کی حدود کیہال میں پیش آیا، جہاں ملزمان نے ایک شہری کو اسلحے کے زور پر روک کر اس سے موبائل فون اور نقد رقم چھین لی تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ علی حمزہ بٹ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ کینٹ کی سربراہی میں خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔
پولیس ٹیم نے جدید تفتیشی طریقہ کار اور تکنیکی شواہد کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان خضر حیات، شاہ زیب اور سیماب کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی نقد رقم اور موبائل فون بھی برآمد کر کے متاثرہ شہری کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 392 PPC مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ ایبٹ آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔