پشاور کے علاقے تاج آباد میں ایف آئی اے نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک ہاسٹل پر چھاپہ مار کر 14 افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا، جن پر جعلی پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کرنے کا الزام ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار افراد نے پاکستانی شناختی کارڈز بنوانے کیلئے مختلف ایجنٹس کو 25 سے 28 لاکھ روپے تک ادا کیے تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان جعلی پاکستانی شہریت حاصل کر کے سعودی عرب جانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، جہاں سے مشتبہ دستاویزات اور دیگر ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک میں ملوث ایجنٹس اور سہولت کاروں کی تلاش کیلئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کے مطابق جعلی دستاویزات اور غیر قانونی شہریت کے معاملات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ قومی سلامتی اور امیگریشن نظام کو محفوظ بنایا جا سکے۔