پشاور: پسند کی شادی کے تنازع پر لڑکی اور نوجوان قتل، علاقے میں کشیدگی

29

پشاور کے تھانہ خزانہ کی حدود گوہی قادر آباد میں پسند کی شادی کے تنازع نے خوفناک رخ اختیار کر لیا، جہاں 16 سالہ لڑکی اور 22 سالہ نوجوان کو مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول نوجوان محمود نے لڑکی کا رشتہ مانگا تھا، جس پر دونوں خاندانوں کے درمیان تنازع چل رہا تھا۔ اتوار کے روز مبینہ طور پر لڑکی کے والد نے اپنے بھائیوں اور بیٹوں کے ہمراہ پہلے نوجوان محمود کو زبردستی ساتھ لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں اسے قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کے قتل کے بعد گھر کے اندر 16 سالہ لڑکی مسماة (ل) بی بی کو بھی مبینہ طور پر فائرنگ کرکے جان سے مار دیا گیا۔ واقعے کے بعد دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مقتول نوجوان کے ورثاء واقعے پر شدید مشتعل ہوگئے اور مبینہ طور پر اسلحہ سمیت علاقے میں نکل آئے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں