اٹلی میں 4 افغان شہری ہلاک، قتل کے شبے میں 2 پاکستانی گرفتار، تحقیقات جاری.

33

اٹلی کے جنوبی علاقے کلابریا میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں ایک منی وین سے چار افغان شہریوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جبکہ اطالوی پولیس نے قتل کے شبے میں دو پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
اطالوی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ کلابریا کے زرعی علاقے میں واقع گاؤں امینڈولارا کے قریب ایک پیٹرول اسٹیشن پر پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر فائر فائٹرز اور پولیس موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کے بعد منی وین کے اندر سے چار افراد کی لاشیں برآمد کیں۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے جائزے کے بعد دو پاکستانی شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ تفتیشی ادارے واقعے کے محرکات، ممکنہ پس منظر اور دیگر ممکنہ ملوث افراد کے بارے میں معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق علاقے میں گزشتہ چند ماہ سے تارکین وطن کے مختلف گروپوں کے درمیان روزگار، رہائش اور دیگر مسائل پر کشیدگی پائی جاتی رہی ہے۔ تاہم پولیس نے تاحال واقعے کی حتمی وجہ یا محرکات کے بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا۔
مقامی پولیس چیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ بظاہر قتل کا معلوم ہوتا ہے، تاہم تمام حقائق اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ گرفتار افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹس، شواہد اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں