شنکیاری: تھانہ شنکیاری پولیس نے زمین کے تنازع پر فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو قتل اور ایک شخص کو زخمی کرنے کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ شنکیاری کی حدود جھنڈوال میں زمین کے تنازع پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 29 سے 30 سالہ رفاقت جان کی بازی ہار گیا تھا جبکہ شعیب نامی شخص زخمی ہو گیا تھا۔ واقعے کے بعد مدعی محمد شفاقت ولد محمد رفیق سکنہ جھنڈوال شنکیاری کی درخواست پر قتل اور اقدامِ قتل سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم عادل ولد صابر حسین کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ایف آئی آر میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپوں اور سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور تفتیش کو ہر پہلو سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔