مانسہرہ (مانسہرہ_ڈاٹ_کام )
سم میں 15 سالہ لڑکے کے ساتھ زیادتی اور ویڈیو بناکر بلیک میلنگ، چوکیدار سمیت 18 افراد کے خلاف مقدمہ درج
تھانہ شنکیاری کی حدود سم لائ منگ میں 15 سالہ لڑکے کو ہراساں کرنے، جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے اور ویڈیو بناکر بلیک میل کرنے کے الزام میں گورنمنٹ ہائی سکول کے چوکیدار سمیت 18 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے درجن سے زائد نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
متاثرہ لڑکے کے اہل خانہ کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق، ملزمان نے لڑکے کو اغوا کر کے نہ صرف اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی اور بدفعلی کی، بلکہ اس کی ویڈیوز بھی بنائیں تاکہ اسے مسلسل بلیک میل کیا جا سکے۔ ملزمان کا تعلق سم الہی منگ، جانو منڈی اور گردونواح کے علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، مقدمے میں نامزد ملزمان میں گورنمنٹ ہائی سکول سم کا چوکیدار بھی شامل ہے۔ واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈی پی او مانسہرہ کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ شنکیاری نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے درجن سے زائد ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ باقی مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔