مانسہرہ: تھانہ خاکی کی حدود ترہا پائین میں چند روز قبل نوجوان زین شاہ کی ہاتھ پاؤں بندھی اور گلے میں پھندا لگی لاش ملنے کے اندھے قتل کا معمہ پولیس نے حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے مرکزی ملزم بلال ولد محمد عارف کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق یکم اور 2 جون کی درمیانی شب ترہا پائین کے علاقے سے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی تھی جس کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے جبکہ گلے میں پھندا بھی لگا ہوا تھا۔ بعد ازاں لاش کی شناخت بھیرکنڈ کے رہائشی زین شاہ کے نام سے ہوئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مقتول کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔
ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان کی ہدایات پر ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کرتے ہوئے جدید تفتیشی ذرائع، تکنیکی شواہد اور مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری رکھا۔ دورانِ تفتیش اہم پیش رفت سامنے آنے پر ملزم بلال ولد محمد عارف کو شاملِ تفتیش کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعترافِ جرم کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول زین شاہ نے اس کے کچھ پیسے اور ایک پستول واپس کرنا تھا۔ اسی تنازع پر اس نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کے تحت زین شاہ کو قتل کیا اور بعد ازاں لاش کو ترہا پائین کے علاقے میں پھینک دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والا آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کر کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے میں ملوث مفرور شریک ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق کیس کے تمام پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے اور جلد مفرور ملزم کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔
ترہا پائین قتل کیس: نوجوان زین شاہ کے اندھے قتل کا معمہ حل، مرکزی ملزم گرفتار، آلۂ قتل بھی برآمد.
21