ایبٹ آباد: محلہ جلال آباد، چنار روڈ کے قریب نالے کی صفائی نہ ہونے کے باعث علاقے میں شدید گندگی پھیل گئی ہے، جس سے اہل علاقہ کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق عید سے قبل صفائی کے وعدے تو کیے گئے، تاہم عید گزرنے کے بعد تاحال نالے کی صفائی نہیں کی گئی اور کچرا جوں کا توں پڑا ہوا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انتخابی دنوں میں صفائی کرا کے ووٹ تو حاصل کیے جاتے ہیں، مگر بعد ازاں عوامی مسائل کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔
اہل علاقہ نے مزید بتایا کہ متعلقہ کنٹونمنٹ بورڈ کا عملہ عید کے بعد ایک بار بھی علاقے میں صفائی کے لیے نہیں آیا، جس کے باعث نالے میں جمع کچرے سے تعفن پھیل رہا ہے۔ گندگی کی وجہ سے مکھیاں اور مچھر بے حد بڑھ چکے ہیں، جس سے مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ صورتحال اب اس حد تک خراب ہو چکی ہے کہ گھروں کے اندر بھی صفائی برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور نالے کی صفائی کے ساتھ ساتھ علاقے میں اسپرے اور صفائی کے مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اہل علاقہ نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مسئلہ مزید سنگین ہو سکتا ہے اور شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔