منڈیاں قتل کیس ٹریس، ایک ملزم گرفتار، دوسرا عبوری ضمانت پر رہا.

21

ایبٹ آباد: ایس پی کینٹ علی حمزہ بٹ نے ڈی پی او آفس میں پریس کانفرنس کے دوران منڈیاں کے علاقے بگڑہ سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ مزدہ ڈرائیور فہد خان کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے اندھے قتل کے اس مقدمے کو جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ وارانہ تفتیش کے ذریعے ٹریس کر لیا ہے۔
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی ہدایات اور نگرانی میں تھانہ میرپور پولیس نے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی، جس نے جدید تفتیشی ذرائع، سی سی ٹی وی فوٹیجز، موبائل فون ریکارڈ، ہیومن انٹیلی جنس اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان تک رسائی حاصل کی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ مقتول فہد خان اپنے دوست فخر نواز خان کے ہمراہ لاہور سے مزدہ گاڑی میں سامان لے کر ایبٹ آباد آ رہا تھا۔ سبزی منڈی کے قریب راستے میں دو موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد مختلف مقامات پر دونوں فریقین کا آمنا سامنا ہوتا رہا۔
پولیس کے مطابق فوارہ چوک کے قریب واقع شیل پمپ پر دوبارہ ملاقات کے دوران ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ بعد ازاں لیڈی گارڈن کے قریب ملزمان نے فائرنگ کی تاہم مزدہ سوار محفوظ رہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چوتھی مرتبہ بٹ کڑاہی کے قریب ملزمان نے دوبارہ فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فہد خان شدید زخمی ہو گیا اور بعد ازاں جان کی بازی ہار گیا۔
واقعے کے بعد تھانہ میرپور میں مقدمہ نمبر 790/26 بجرم 302 تعزیراتِ پاکستان مقتول کے دوست فخر نواز خان ولد اختر نواز کی مدعیت میں درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
ایس پی کینٹ علی حمزہ بٹ کی نگرانی میں قائم خصوصی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے، سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا باریک بینی سے جائزہ لیا، موبائل فون ڈیٹا کا تجزیہ کیا اور مختلف اضلاع میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔ تحقیقات کے نتیجے میں ملزمان سیف اللہ سکنہ بیرن گلی اور توصیف عالم سکنہ کاکول کو ٹریس کر لیا گیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم سیف اللہ کو آلۂ قتل سمیت گرفتار کر لیا جبکہ دوسرے ملزم توصیف عالم نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے، جس کی آئندہ سماعت 17 جون کو مقرر ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مقدمے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ایبٹ آباد پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں